نئی دہلی، 24؍مئی (ایس او نیوز؍ایجنسی) صدر رام ناتھ کووند نے ونے کمار سکسینہ کو دہلی کا نیا لیفٹیننٹ گورنر نامزد کیا ہے۔ ونے کمار سکسینہ کھادی اور گرام ا’دیوگ کمیشن کے چیئرمین ہیں۔ قبل ازیں، دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل نے ذاتی وجوہات کی بنا پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جسے صدر نے پیر کو قبول کر لیا۔ راشٹرپتی بھون نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے ایک طرف استعفیٰ قبول کرنے کا تو دوسری طرف ونے کمار سکسینہ کو لیفٹیننٹ گورنر بنانے کا اعلان کیا۔
خیال رہے کہ دہلی ایک مرکز کے زیر انتظام علاقہ ہے جس میں ایک قانون ساز اسمبلی بھی ہے لیکن نظم و نسق، زمین، پولیس اور خدمات لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعے مرکزی حکومت کے ماتحت آتی ہیں۔ گزشتہ سال پارلیمنٹ کی جانب سے ’گورنمنٹ آف نیشنل کیپٹل ٹیریٹری آف دہلی ایکٹ‘ منظور کیا گیا تھا، جس کے تحت لیفٹیننٹ گورنر دہلی حکومت کے سربراہ ہیں اور تمام اہم فیصلوں پر ان کی رضامندی لینا لازمی ہوگا۔۔